ایشین تائی کوانڈو چیمپیئن، غیر ملکی کھلاڑی میزبانی سے خوش
ملک میں امن و امان کی صورت حال میں بتدریج بہتری کے بعدپاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس کا تواتر سے انعقاد جاری ہے پچھلے ہفتے اسلام آباد میں پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیراہتمام پانچویں کومبیکس ایشین تائی کوانڈو چیمپئن شپ منعقد کی گئی پی ٹی ایف کی میزبانی کا ایشیا بھر سے آئے ہوئے 20 سے زائد ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے کھل کر اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں ملنے والی محبت اور چاہت کو کبھی بھول نہیں سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ جس انداز سے پاکستان نے ان مقابلوں کی میزبانی وہ قابل ستائش ہے، ایونٹ میں افغانستان نے 2گولڈ اور2سلور میڈلزجیت کر ایشین ٹائٹل کا تاج اپنے سرسجا یا، پاکستان نے 2 گولڈ، 1 سلور اور 7 برونز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ قازقستان کی ٹیم 1گولڈ اور 4سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی خواتین ایونٹ میں قازقستان نے 4 گولڈ اور1 سلور اور 3 برونزمیڈلز کے ساتھ پہلی، برطانیہ نے 1 گولڈ اور 2 سلورمیڈلز کے ساتھ دوسری اور ایران نے ایک گولڈ اور 1 سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن رہی چیمپئین شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان گرامی ا یشین تائیکوانڈو یونین کے صدر پروفیسر سیوک، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، قازقستان کے پاکستان میں سفیر یارزہان کستافن، نیپال کے سفیر ٹاپس آدھیکو، پی ٹی ایف کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ، ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ کوک ہیون جنگ اور سی ای او عمر سعید نے انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر ا یشین تائیکوانڈو یونین کے صدر پروفیسر سیوک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منعقدہ چیمپئن شپ میں کھیل کا اعلی معیار دیکھنے کو ملا پورے ایونٹ میں کوئی متنازع فیصلہ نہیں ہوا ایونٹ کے تمام مقابلوں میں ریفری شپ بہت عمدہ رہی کھلاڑیوں،آفیشلز اور ٹیکنیکل ڈیلیگیٹس کو سفری، رہائشی اور طعام کی بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ وینیو پر کھیل کامثالی ماحول فراہم کیا گیا۔
ان انتظامات کا سہرا پی ٹی ایف کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ، سی ای او عمر سعید اور ان کی پوری ٹیم کوجاتا ہے ایونٹ کی کامیابی مستقبل میں پاکستان میں تائیکوانڈو کے مزید انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد میں بہت معاون ثابت ہو گی چمپئین شپ کے کیروگی ایونٹ میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے شاہ زیب خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ پاکستان کے نام کی سربلندی کیلئے میدان میں لڑا ہوں میرا ملک میری پہچان ہے ایشین چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیتنا میرے لئے باعث اعزاز ہے میری کامیابی میں ایران سے تعلق رکھنے والے میرے ہیڈ کوچ ماسٹر یوسف کرامی نے اہم کردار ادا کیا۔
پومزے ایونٹ کی فری اسٹائل کیٹیگری کی قومی گولڈ میدلسٹ نائلہ علی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے میڈلزجیتنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کیجانب سے حوصلہ افزائی کی جائے تو مستقبل میں مزید بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں 87- کے جی کے فائنل میں ورلڈ نمبر 13 امریکہ کے مچل روڈریگیوز کو ہرانے والے اختشام الحق نے کہا کہ ایونٹ میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے مقابلے کاتجربہ شاندار رہا بڑے ایونٹ سے بہت کچھ سیکھنے کوملا 87+ کے جی کے سلورمیڈلسٹ حمزہ سعید نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلزجیتنا ملک میں کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے بہت معاون ثابت ہوتا ہے اس سے نہ صرف دنیا کھیل میں پاکستان کا مقام بلند ہوتا ہے بلکہ ہمارے کھلاڑیوں کوبھی عالمی سطح پرپذیرائی ملتی ہے۔