جو کام حکومت نہ کرسکی وہ ہمیں کرنا ہوگا، شاہد آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ کرکٹ اکیڈمیز پرجو کام حکومت نہ کرسکی وہ ہمیں کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے حاصل پور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حاصل پور آنے کا مقصد کرکٹ اکیڈمی بنانا ہے۔
شاہد خان آفریدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ اکیڈمی نہ ہونے سے ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرکٹ اکیڈمیز پر جو کام حکومت نہ کرسکی وہ ہمیں کرنا ہوگا۔ نوجوان بہتری کی امید رکھیں، بے روزگاری کے خاتمے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی نے بینو قادر ٹرافی میں دلچسپ مقابلے کی توقع بھی ظاہر کرتے ہوئے شاہین شاہ کو آسٹریلیا کے خلاف اہم ہتھیار قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اپنی کنڈیشنز میں بہت خطرناک ٹیم ہے، تاہم شاہین شاہ آفریدی کینگروز کے خلاف پاکستان کا اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔