قمبر شہداد کوٹ میں ڈھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج
سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سیپکو حکام کی مدعیت میں ڈھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
کمسن بچے کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس کو اس کی عمر کا پتا چلا۔ ڈھائی سالہ بھورل کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر سیپکو اور پولیس پریشان ہیں۔
پولیس تاحال ملزم کو گرفتار یا کیس کینسل کرنے کا فیصلہ نہ کر سکی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق گاؤں خادم سیلرو میں بھورل کے گھر چوری کی بجلی چل رہی تھی۔
درج مقدمے کے مطابق کنکشن منقطع کر کے ایس ڈی او شہداد کوٹ کو اطلاع دی جن کے خط لکھنے پر پولیس نے مقدمہ درج کیا۔
متعلقہ: بجلی چوری والے علاقوں کی بجلی بند رکھنے کا فیصلہ
حکومت کا ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں اب تک کئی افراد کے خلاف مقدمہ اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی سابق رکن اسمبلی رخسانہ کوثر بجلی چوری کرتی پکڑی گئی تھیں۔ لیسکو نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ ترجمان لیسکو نے بتایا تھا کہ رخسانہ کوثر پر پانچ لاکھ پچھتر ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔