انتخابات میں تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیا جائے، آخوند زادہ
نگراں حکومت پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کروائے
گلگت (پ ر) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنماء تقی آخونزادہ نے پاکستان کو معاشی اور سیاسی استحکام دلانےکےلئے قومی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں اور قوتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آٹھ فروری کے انتخابات قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت کو یکساں جمہوری اور انتخابی میدان میں سازگار ماحول فراہمی سے ہی ملک جمہوری اور سیاسی نظام میں پختگی آجائیگی۔
تقی آخونزادہ نے مزید کہا ہے کہ ملک میں معاشی بحالی و ترقی کے عمل اور استحکام کےلئے ضروری ہے کہ ملک میں نمائندہ حکومت کا قیام عمل میں آئے اور حکومت بڑے فیصلے کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی بھی زمہ داری ہے کہ پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کروائے اور ملک میں لیول پلیئنگ فیلڈ یقینی بنائی جائے تاکہ غیر جانبدارانہ انتخابی عمل ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کا ذریعہ بن سکے اور منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد سے مستقبل میں کوئی سیاسی انتشار اور افراتفری کا پاکستان شکار نہ ہو سکے گا۔