کون کہاں سے الیکشن لڑے گا؟ ن لیگ اور آئی پی پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ جلد طے ہونیکا امکان
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ جلد طے ہونیکا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں آئی پی پی نے باضابطہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے پارٹی رہنماؤں کے حلقوں کی فہرست مسلم لیگ ن کی کمیٹی کے حوالے کر دی۔
اجلاس میں آئی پی پی اور لیگی رہنماؤں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مختلف آپشنز پر غور کیا اور دونوں جماعتوں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
کونسا رہنما کہاں سے الیکشن لڑنے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا خواہشمند؟ تفصیلات سامنے آگئیں
جہانگیر ترین لودھراں، علیم خان اور عون چوہدری لاہور سے جبکہ غلام سرور خان ٹیکسلا، عامر کیانی اور علی نواز اعوان اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔
فرخ حبیب فیصل آباد سے الیکشن لڑیں گے، انہیں عابد شیر علی والے حلقے کے بجائے کسی دوسرے حلقے سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
اسحاق خاكوانی وہاڑی سے جبکہ ڈاكٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ سے الیکشن لڑیں گی۔
گل اصغر اور احسان ٹوانہ خوشاب سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔
ذوالفقار چکوال سے، کرنل ریٹائرد محمد انور اٹک سے، اوکاڑہ سے صمصام بخاری، چوہدری نوریز شکور ساہیوال سے، کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر سردار طالب نکئئ اور آصف نکئی قصور سے، ڈاکٹر مراد راس لاہور، خالد محمود شیخوپورہ، سردار ایاز خان نیازی خانیوال، نعمان لنگڑیال ساہیوال، عمران اسماعیل اور محمود مولوی کراچی، فیاض الحسن چوہان پنڈی، اجمل چیمہ فیصل آباد، چوہدری اختر اپنے بجائے بیٹے کو فیصل آباد سے، مامون جعفر تارڑ حافظ آباد جبکہ رانا نذیر کامونکی سے الیکشن لڑیں گے۔
کچھ روز میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، عطاللہ تارڑ اور ملک احمد خان جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے اسحاق خان خاکوانی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال شریک تھے۔