جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہوجاتا جنگ جاری رہے گی، جان کربی
امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیل کو حماس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جنگ جاری رہے گی۔
امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ جب تک اسرائیل کو حماس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا ’’حماس ہتھیار ڈال کر اور یرغمالیوں کو رہا کرکے غزہ میں فلسطینیوں کے مصائب کا خاتمہ کرسکتی ہے، اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے جنگ جاری رکھے‘‘۔
جان کربی کا کہنا تھا ’’جنگ میں کتنا اور وقت لگے گا اس کی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی، امریکہ اسرائیل کو اس بات کا حکم نہیں دے سکتا کہ جنگ اور کتنی دیر چلے جب کہ امریکہ چاہتا ہے کہ غزہ میں جنگ جلد از جلد ختم ہو‘‘۔
امریکی قومی سلامتی کے ترجمان نے کہا ’’قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اسرائیل کو بتایا کہ امریکہ جنگ میں ایک اور وقفے کی حمایت کرتا ہے، جنگ میں وقفے سے مزید یرغمالی رہا ہوسکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے بتایا کہ جیک سلیوان نے اسرائیل کو بتایا کہ امریکہ مزید قیدیوں کو رہا کرنے کی اجازت دینے کے لیے لڑائی میں ایک اور وقفے کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیک سلیوان نے اسرائیل کومزید بتایا کہ امریکہ اسرائیل کی حماس کے خلاف جنگ کی حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کی اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا سے موساد کے ہیڈکوارٹر میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں عہدیداران کے درمیان اسٹریٹیجک معاملات سمیت ایرانی خطرے پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنسی ایجنسیز کے درمیان خطے میں نئے تعاون قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
رپورٹس کے مطابق جیک سلیوان اور ڈیوڈ برنیا کے درمیان غزہ میں یرغمالیوں کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی ہے جس میں موساد سربراہ نے امریکی مدد کا شکریہ ادا کیا ہے جب کہ ملاقات کے بعد جیک سلیوان مغربی کنارے کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔