غزہ میں ایک بار پھر مواصلاتی نظام کی بندش
فلسطینی ٹیلی کام کمپنی کے مطابق غزہ میں ایک بار پھر مواصلاتی نظام کی بندش کا سامنا ہے۔
فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے مواصلاتی لائنیں اور انٹرنیٹ منقطع کردیا ہے جب کہ فلسطینی ہلال احمر نے بھی کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کی تصدیق کردی ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق غزہ میں مواصلاتی بندش کی وجہ سے تمام ٹیموں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے، اسرائیل نے جنگ کے آغاز سے پانچوں بار کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کیا ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بربریت مسلسل جاری ہے جب کہ اسرائیل فوج نے تازہ حملے رفح اور خان یونس میں کیے جس میں 19 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ غزہ میں کئی روز سے جاری جنگ کے نتیجے میں اب تک 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 46 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔