لائف اسٹائل
معروف گلوکار لائیو پرفارمنس کے دوران چل بسے
برازیلین گلوکار پیڈرو ہنریک 30 سال کی عمر میں لائیو پرفارمنس کے دوران چل بسے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گلوکار پیڈرو ہنریک کی اچانک موت کا افسوسناک واقعہ 13 دسمبر کو لائیو پرفارمنس کے دوران پیش آیا۔
وہ لائیو کانسرٹ میں مداحوں کے لیے اپنا مشہور گانا ‘Vai Ser Tão Lindo’ گا رہے تھے کہ اچانک اُنہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ اسٹیج پر ہی گِر گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اسٹیج پر ہی گلوکار کی موت ہوگئی تھی لیکن اُنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنہ کرکے گلوکار کی موت کی تصدیق کی۔
پیڈرو ہنریک کی اچانک موت سے اُن کی اہلیہ اور اہلخانہ شدید صدمے میں ہیں جبکہ گلوکار کے مداحوں اور ساتھی موسیقاروں کی جانب سے بھی اُن کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔