عام انتخابات؛ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ و ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ دوبارہ شروع
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، جس کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا عمل 18 دسمبر کو مکمل کرلیا جائے گا جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں کی ٹرینگ 19 دسمبر کو ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستی پر پابندی لگا دی ہے اور اپنے افسران و ملازمین اور ریٹرننگ افسران کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریجنل دفاتر ووٹرز لسٹوں اور دوسرے سامان کی فراہمی کیلئے آج کھلے رہیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ڈسڑکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی جاری ٹریننگ روک دی گئی تھی، جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے اور ریٹرننگ افسران 19 دسمبر کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
شیڈول کے مطابق عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 20 تا 22 دسمبر جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں 23 دسمبر کو جاری ہوں گی۔
اس کے علاوہ 23 دسمبر کو امیدواروں کی فہرست جاری ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی، تاہم 3 جنوری کو کاغذات کی منظوری اورمسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی جبکہ 10 جنوری 2024ء کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا اور 11 جنوری 2024ء کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں تاہم الیکشن کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔