کراچی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا
کراچی ملک کا ہی نہیں بلکہ دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے طول و عرض میں ماحولیات پر کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔
کراچی میں دن کی سرگرمیاں شروع ہونے سے پہلے ہی صبح سویرے شہر میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 332 ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ کسی شہر میں فضائی آلودگی وہاں کے رہنے والوں کو مختلف سانس کی بیماریوں، پھیپھڑوں کے مسائل، ہائی بلڈ پریشر حتیٰ کہ دماغی بیماریوں جیسے الزائمر اور ڈیمینشیا تک میں مبتلا کر سکتی ہے۔
نیا بھر کی 90 فیصد سے زائد آبادی ایسے مقامات پر رہتی ہے جہاں پر فضائی آلودگی کی شرح اس حد سے بڑھ چکی ہے جہاں یہ انسانی صحت کے لیے بے ضرر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں سب سے خطرناک اور زہریلے عناصر ڈیزل کاروں، لکڑی سے جلائے جانے والے چولہوں اور کیمیائی تجربات کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہیں۔
فضائی آلودگی سے بچاؤ کیسے ممکن؟
چند روز قبل امریکی ماہرین نے ایک تحقیق میں دعویٰ کیا تھا کہ وٹامن بی فضائی آلودگی کے نقصانات سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق وٹامن بی کے سپلیمنٹس کی بھاری مقدار فضائی آلودگی کے نقصانات اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے حفاظت فراہم کرسکتی ہے۔
دوسری جانب مقامی ماہرین کا کہنا تھا کہ آلودگی سے بچنے کے لیے شہری لازمی اور باقاعدگی سے ماسک اور ہیلمٹ کا استعمال کریں۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 5 ہزار افراد فضائی آلودگی کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔