گلگت بلتستان حکومت عوام کو مناسب قیمت پر معیاری گندم کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، رحمت خالق
پریس ریلیز
گلگت ( پ ر) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت عوام کو مناسب قیمت پر معیاری گندم کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، وفاق کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی میں ملکی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور افراط زر کی وجہ خطے کے عوام کی ضروریات پوری کرنا مشکل تھا لہذا عوام کو آٹے کے حصول کیلئے آزمائش میں ڈالنے کے بجائے صوبائی حکومت نے بروقت مناسب قیمتوں کا تعین کرکے موسم سرما میں غذائی بحران سے نجات حاصل کرلی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ملکی سطح پر پیدا کردہ معیاری گندم فراہم کی جائیگی اور کوٹے کی مقدار میں بھی مناسب اضافہ کیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بعض موقع پرست سیاستدان اور پریشر گروپ اپنے سطحی مفادات کیلئے عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام انکے جھانسے میں نہیں آرہے جس کی وجہ سے وہ حواس باختہ ہو گئے ہیں۔ سابق دور حکومت میں قیمتوں میں اضافہ کیلئے وفاق کو یقین دہانی کرنیوالے سابق وزراء اب عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ ہم نے وفاق کا دباو قبول نہیں کیا اور عوام کی قوت خرید کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا ہے۔ ہم عوامی حقوق کی ترجمانی اپنا فرض سمجھتے ہوئے کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے ہمیں منتخب کیا گیا ہے لہذا عوامی مسائل کے حل کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرینگے اور مٹھی بھر عناصر کی بلیک میلنگ میں نہیں آئینگے۔