اپنے دور میں کسی بھی صحافی کو محض خبر دینے کی بنیاد پر انتقام کا نشانہ نہیں بنایا ہے، خالد خورشید
پریس ریلیز
گلگت( پ ر ) سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت یونین آف جرنلسٹس دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صدر گلگت یونین آف جرنلسٹس زوہیب اختر سمیت کابینہ اور سینئر صحافیوں نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر ملکی و علاقائی سیاسی صورتحال کے علاوہ صحافیوں کے مسائل اور مشکلات پر بھی گفت و شنید ہوئی۔ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ صحافی ہر دور میں حق پرست اور حق کا علمبردار رہا ہے۔ قیام پاکستان میں جتنا کردار سیاسی میدان کا تھا اتنا ہی صحافتی میدان نے بھی اپنا کردار بھی ادا کیا جس کی وجہ سے لوگوں کے ذہنوں میں ابھرے سوالات کا جواب مل گیا اور اچھا فیصلہ لینے میں کامیاب ہوئے۔ آزاد صحافت کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا ہے۔ اپنے دور حکومت میں صحافیوں کے فلاح و بہبود کےلئے واضح اقدامات اٹھائے ہیں اور کسی بھی صحافی کو محض خبر دینے کی بنیاد پر انتقام کا نشانہ نہیں بنایا ہے۔ گلگت بلتستان میں صحافیوں میں صلاحیت موجود ہے تاہم تنخواہ اور مراعات نہ ہونے کے برابر ہیں جب بھی موقع ملے گا صحافیوں کے معاشی بہتری کا پروگرام لیکر آئیں گے۔ آزاد کشمیر میں صحافیوں کےلئے اچھا ماڈل پیش کیا گیا ہے جسے ہم گلگت بلتستان تک توسیع دینا چاہتے تھے تاہم حالات نے ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام تر جبر کے باوجود پاکستان تحریک انصاف اس وقت بھی مقبول ترین پارٹی ہے۔ اس موقع پر صحافیوں نے ان کی آمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔